20 جون ، 2023
ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (ساف) چیمپئن شپ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف کل بروز بدھ کو ہونے والا میچ ری شیڈول کرنے کی درخواست دے دی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف ) نے ساف سے ای میل کے ذریعے درخواست کی ہے کہ ویزے میں تاخیر اور فلائٹس متاثر ہونے کی وجہ سے میچ ری شیڈول کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق پی ایف ایف کی درخواست پر ساف تمام ٹیموں اور کمرشل پارٹنرز سے مشورہ کر کے فیصلہ کرے گا، پاکستان فٹبال ٹیم اب تک ماریشس میں ہی ہے۔
قومی فٹبالرز کا کل صبح سے قبل بھارت کے شہر بنگلور پہنچنا ناممکن ہو گیا ہے، پاکستان کو ٹورنامنٹ میں کل شام بھارت سے مقابلہ کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم کو ایک ہی فلائٹ پر ایک ساتھ 32 سیٹیں حاصل کرنے میں مشکل ہو رہی ہے، کھلاڑی دو علیحدہ فلائٹس پر ماریشس سے بنگلور جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ساف فٹبال چیمپئن شپ کل سے بنگلور میں شروع ہورہی ہے اور شام میں پاکستان کو انڈیا سے میچ کھیلنا ہے،جب کہ ماریشیس میں موجود پاکستان ٹیم، جس کو پہلے اتوار کی صبح بنگلور روانہ ہونا تھا، بدھ کی صبح ہی بنگلور پہنچ پائے گی۔
پاکستان ٹیم کو بھارت کے ویزے پیر کی شام جاری ہوئے جس کے بعد ٹیم کو منگل کی شام دستیاب فلائٹس ملیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم براستہ ممبئی صبح آٹھ بجے بنگلور پہنچے گی جس کے بعد انڈیا سے اس کے میچ میں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت رہ جائے گا۔
یاد رہے کہ ویزے میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان فٹبال ٹیم اتوار کو شیڈول فلائٹ پر روانہ نہیں ہو سکی تھی۔