23 جون ، 2023
پشاور کے نواحی علاقے پھندو میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے قومی باکسر جہانزیب خان کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے پھندو میں دو ملزمان نے باکسر جہانزیب خان پر فائرنگ کی جس سے وہ جاں بحق جبکہ ان کے دو ساتھی زخمی ہو گئے، ملزمان کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول باکسر نے گزشتہ دنوں ملزمان کے گھر پر فائرنگ کی تھی، مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری جنرل خیبرپختونخوا باکسنگ ایسوسی ایشن سید کمال خان نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانزیب خان باکسنگ کا قومی کھلاڑی تھا، مقتول جہانزیب نے 2019 میں نیشنل گیمز میں حصہ لیا تھا، وہ 2013 سے باکسنگ سے وابستہ تھے۔