12 جولائی ، 2023
گورنرسندھ محمدکامران خان ٹیسوری کے اسپیشل سکیورٹی یونٹ ہیڈکوارٹر دورے کے دوران ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی نے بتایا کہ کمانڈوز کی پیشہ وارانہ مہارت میں مزید اضافے کے لیے پاکستان آرمی مختلف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں تربیت فراہم کررہی ہے۔
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے اسپیشل سکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جس دوران ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی ڈاکٹر مقصود احمد نے ان کا استقبال کیا۔
گورنر سندھ نے ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی کے ہمراہ اسلحہ خانہ، فائرنگ رینج اور ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے ایس ایس یوکی موجودہ پیشہ وارانہ مہارت اور انتظامات کو مثالی قرار دیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن نے گورنر سندھ کو ایس ایس یو کے قیام سے لیکر جدت سے آراستہ یونٹ کی تشکیل تک کے سفر کے بارے میں آگاہ کیا۔
دورے کے دوران ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایس ایس یو سندھ پولیس میں S.W.A.T ٹیم قائم کی گئی ہے جس میں کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز تربیت یافتہ اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں جو کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ کمانڈوز کی پیشہ وارانہ مہارت میں مزید اضافے کے لیے پاکستان آرمی مختلف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں تربیت فراہم کررہی ہے۔
ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی نے سندھ پولیس کے ذیلی ادارے مددگار- 15 میں کی جانے والی اصلاحات اور اپ گریڈیشن کے بارے میں آگاہ کیاکہ مددگار- 15 جس کا کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں ریسپانس ٹائم 30-40 تھا اب محدود ہو کر 07-10 ہو گیا ہے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایس ایس یو کے انتظامی، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی امور میں اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کو سراہا اور سندھ پولیس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہر اور صوبے کا امن برقرار رکھنے میں سندھ پولیس اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
گورنر سندھ نے S.W.A.T ٹیم کی جانب سے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے مشقوں کا مشاہدہ کیا۔
گورنر سندھ کے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈاکٹر فرخ علی لنجار، ایس ایس پی مددگار- 15 امجد حیات، ایس ایس پی سکیورٹی- II سید سلمان احمد، ایس پی فارنرز سکیورٹی سیل صدام حسین، ایس پی ایس ایس یو انیل حیدر اور ایس پی ایس ایس یو فرح امبرین بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ڈی آئی جی سکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے مہمان کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔