12 جولائی ، 2023
کراچی: ملیر سٹی تھانے کے قریب تاجر سے 24 لاکھ روپے لوٹنے والے ملزمان تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔
پولیس کے مطابق سیمنٹ اور سریے کا تاجر دکان سے کیش لے کر بینک میں جمع کرانے جارہا تھا کہ ملیر کورٹ کے سامنے مسلح موٹر سائیکل سوار نے رقم لوٹنے کے لیے تعاقب کیا۔
تاجر نے خطرہ بھانپ کر قریبی پیٹرول پمپ پر پہنچ کر بچنے کی کوشش کی جس کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں تاجر کو پیٹرول پمپ پر کھڑے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ اس دوران ملزمان پیٹرول پمپ پر موجود گارڈ اور شہریوں کی موجودگی میں دن دہاڑے رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
اس مرکزی شاہراہ پر ملیر کورٹ، تھانہ اور ٹریفک پولیس ہر وقت موجود رہتی ہے، واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا لیکن دو روز میں پولیس ملزمان کی گرفتاری میں ناکام رہی۔