24 جولائی ، 2023
کراچی کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے، نارتھ کراچی میں نکاسی نہ ہونے سے برساتی نالے ابل پڑے اور پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔
نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، اسکیم 33، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد اور گلستان جوہر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
بچے بڑے موسم سے لطف اندوز ہونے سڑکوں پر نکل آئے۔
نارتھ کراچی میں نکاسی نہ ہونے سے برساتی پانی کے نالے ابل پڑے اور بارش کا پانی نشیبی آبادیوں میں داخل ہوگیا جبکہ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
پاورہاؤس چورنگی، دو منٹ چورنگی اور ناگن چورنگی پر درجنوں گاڑیاں بارش کے پانی میں بند ہوگئیں اور سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔
بارش ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔
اس کے علاوہ جہانگیر روڈ پر بھی بارش کا پانی جمع ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بارش کے بعد ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ انتظامیہ حرکت میں ہے، نکاسی آب جلد مکمل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی کی ہے، نئے نالے بنائے ہیں، نشیبی علاقوں میں عملہ تعینات کیا ہے،ہم اُن لوگوں میں سے نہیں جو اختیارات کا رونا روئیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھاکہ نالوں میں بوریاں ڈالنے والے شہر کے محسن نہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہرمیں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 60 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن معمار میں 33 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 23 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 22.6 ملی میٹر اور اورنگی ٹاؤن میں 16.4ملی میٹربارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایاکہ یونیورسٹی روڈ پر15ملی میٹر،گلشن حدید میں 13ملی میٹر، ناظم آباد میں12.3 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر7.6ملی میٹر،اولڈ ائیرپورٹ پر5.8، کورنگی 4.4 ملی میٹر، پی اے ایف بیس فیصل 3 ملی میٹربارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد، ٹنڈوالہ یار، جامشورو، کوٹری، مٹیاری، ہالہ اور دادو سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔