24 جولائی ، 2023
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف ائی اے) کے امیگریشن سیل کے عملے نے کراچی ائیرپورٹ سے آذربائیجان جانے کیلئے پہنچے 6 مسافروں کو آف لوڈ کرکے حراست میں لے لیا جن پر غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔
آف لوڈ کیے گئے مسافروں میں بادشاہ نذیر، محمد عبداللہ، عبدالظہیر، محمد کبیریا، کلیم اللہ اور عبدالرب خان شامل ہیں۔
یہ مسافر وزٹ ویزے پر آذربائیجان جا رہے تھے۔ مسافروں سے چھان بین کے دوران ان کے سامان سے شینگن ویزے کی فوٹوکاپیاں برآمد کر لئی گئی ہیں۔
دوران تلاشی ملزمان کے موبائل فونز سے یورپ کی ٹکٹیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ترجمان ایف ائی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے آذربائیجان پہنچ کر ایجنٹ سے ویزے حاصل کرنے تھے۔ ملزمان نے آذربائیجان سے یورپ جانے کی کوشش کرنا تھی۔
ویزوں کی مزید جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کیلئے ملزمان کو اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔