26 جولائی ، 2023
کراچی: ملیر ندی میں پانی کا بہاؤ بڑھنے سے قیوم آباد سے کورنگی کی شاہراہ بھی زیر آب آگئی۔
کورنگی کی شاہراہ زیر آب آنے سے قیوم آباد کی کورنگی کراسنگ روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، شاہراہیں اچانک بند ہونے سے قیوم آباد اور کورنگی میں ٹریفک شدید جام ہے۔
کورنگی آنے اور جانے کے لیے جام صادق برج استعمال کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ شاہ فیصل کالونی سے لانڈھی کورنگی جانے والا پل بھی زیر استعمال ہے۔
کازوے ٹریفک کیلئے بند
دوسری جانب کراچی میں ملیر ندی کی سطح بلند ہونے کے سبب دونوں کاز وے ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔
دونوں کازوے بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کو گودام چورنگی سے جام صادق برج کی طرف بھیجا جارہا ہے اور بلوچ پل سے ٹریفک کو ایکسپریس وے قیوم آباد کی طرف بھیجا جارہا ہے جس کے باعث جام صادق پل اور قیوم آباد کے اطراف ٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔