Time 28 جولائی ، 2023
جرائم

کراچی: ایم پی اے کے بھائی، بھتیجے کا قتل، مرکزی ملزم کے بلوچستان فرار ہونے کی اطلاع

دہشتگردی میں استعمال ہونے والی کار پر اصلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، کار کی مدد سے ممکنہ ملزمان کا سراغ ملا: ذرائع/ اسکرین گریب
دہشتگردی میں استعمال ہونے والی کار پر اصلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، کار کی مدد سے ممکنہ ملزمان کا سراغ ملا: ذرائع/ اسکرین گریب

کراچی: ڈیفنس میں قتل کیے جانے والے اکرم ابڑو اور ان کے بیٹے کے قاتل کے بلوچستان فرار ہونے کی اطلاع ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق قتل کیس میں زیر حراست 4 افراد میں ملزم کے دو قریبی رشتے دار شامل ہیں جب کہ قتل میں ملوث مرکزی ملزم کا موبائل فون گزشتہ روز بلوچستان میں سوئچ آف ہوا۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق واردات میں استعمال کار کا بھی سراغ لگالیا گیا ہے، دہشتگردی میں استعمال ہونے والی کار پر اصلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، کار کی مدد سے ممکنہ ملزمان کا سراغ ملا۔

ذرائع کے مطابق کار 2008 میں رجسٹرڈ ہوئی جو بعد میں کئی مرتبہ فروخت ہوئی لیکن خریداروں نے نام پر ٹرانسفر نہیں کرائی اور گاڑی کراچی میں اوپن لیٹر پر چلتی رہی۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ تحقیقات کے دوران پولیس کار کے ایک کے بعد ایک مالک تک پہنچی تو فروخت کا انکشاف ہوا لیکن تفتیش کاروں کے پہنچنے سے پہلے ہی مرکزی ملزم فرار ہوچکا تھا۔

رکن اسمبلی کے بھائی اور بھتیجے کا قتل

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کو گزشتہ روز کراچی میں قتل کیا گیا۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ اکرم ابڑو سمیت گاڑی میں سوار افراد جیکب آباد جانے کے لیے نکلے تھے جہاں ڈیفنس میں تربیت یافتہ ملزمان نے مہارت سے گاڑی کو گھیر کر حملہ کیا، خصوصی ٹیم فوٹیجز اور شواہد کا جائزہ لے کر تحقیقات آگے بڑھائے گی۔

8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

ڈی آئی جی نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، کمیٹی ڈی آئی جی ساوتھ عرفان بلوچ کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں ایس ایس پی ساؤتھ اسدرضا،ایس ایس پی جیکب آباد ثمیرنور،ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ ابریز عباسی، انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب، ڈی ایس پی ڈیفنس آغا اصغر ، ایس ایچ او اور ایس آئی او تھانہ ڈیفنس بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

اس کے علاوہ انچارج آئی ٹی سیکشن جیکب آباد شاہ فہد اعوان بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

مزید خبریں :