Time 01 اگست ، 2023
کھیل

ورلڈکپ: پاکستان ٹیم کے بھارت جانے کا معاملہ، بلاول کی سربراہی میں کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو ہوگا

جمعرات کو کمیٹی کے پہلے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف بھی شریک ہوں گے جو کرکٹ کے معاملات پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے— فوٹو: فائل
جمعرات کو کمیٹی کے پہلے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف بھی شریک ہوں گے جو کرکٹ کے معاملات پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے— فوٹو: فائل

رواں برس بھارت میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرکت کے حوالے سے فیصلہ کرنے کیلئے حکومت کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو ہوگا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں پاکستان ٹیم کے بھارت میں ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو اکتوبر نومبر میں بھارت میں آئی سی سی ورلڈ کپ کھیلنا ہے تاہم حکومتی پالیسی کی پابندی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معاملے پر وزیر اعظم کی رائے مانگی تھی جس پر حتمی فیصلے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنادی تھی۔

کمیٹی میں وزارت خارجہ کے علاوہ وزارت قانون، وزارت مواصلات ، آئی ٹی، اطلاعات اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

جمعرات کو کمیٹی کے پہلے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف بھی شریک ہوں گے جو کرکٹ کے معاملات پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔ کمیٹی پاکستان کرکٹ ٹیم کو  بھارت بھیجنے، احمد آباد میں میچ کھیلنے اور دورہ  بھارت سے قبل جائزہ وفد انڈیا بھیجنے کے معاملات پر تبادلہ خیال کرے گی۔

مزید خبریں :