سائنسدانوں نے ٹمٹماتے ستاروں کی آواز ریکارڈ کرلی جو رونگٹے کھڑے کر دے گی

ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

ستاروں کو جھلملاتے یا ٹمٹماتے تو آپ نے دیکھا ہی ہوگا مگر اس عمل کی آواز کیسی ہوتی ہے؟

اس سوال کا جواب سائنسدانوں نے ایک ماڈل تیار کرکے دیا ہے جس کے ذریعے بتایا گیا کہ ستاروں کے ٹمٹمانے کے دوران کیسی آواز پیدا ہوتی ہے۔

امریکا کی ساؤتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ماہرین نے کسی ستارے کی گہرائی سے گیس نکلنے کے عمل کو جاننے کے لیے ایک 3 ڈی ماڈل تیار کیا، جس کے لیے زمین کی سطح کے تجربے کو مدنظر رکھا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ توانائی کی حرکت، گیس بننے سے پیدا ہونے والی لہریں اور ستارے کی سطح پر ان کے پہنچنے سے ٹمٹمانے جیسا اثر پیدا ہونے میں مدد ملتی ہے۔

اس کے بعد انہوں نے توانائی بنانے والی لہروں کو آواز کی لہروں میں تبدیل کر دیا۔

اس سے معلوم ہوا کہ ستاروں کے ٹمٹمانے سے کیسی رونگٹے کھڑے کر دینے والی آواز نکلتی ہے۔

سائنسدانوں نے انسانی سماعت کے لیے اس آواز کی فریکوئنسیز کو کچھ تبدیل کیا گیا۔

ان کی جانب سے اس آواز کا ایک نمونہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق ستارہ جتنا بڑا ہوگا، اس کی آواز کی گونج اتنی زیادہ ہوگی جبکہ اس کے پس منظر کے شور کو سننا زیادہ آسان ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں توقع تھی کہ یہ آواز زیادہ اچھی نہیں ہوگی مگر ہم اسے سن کر حیران رہ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح موسیقی کے ساز مختلف آوازیں اور لہروں کو خارج کرتے ہیں، ایسا ہی ستاروں کی جانب سے بھی کیا جاتا ہے۔

اس تحقیق کو مکمل کرنے میں سائنسدانوں کو 3 سال کا عرصہ لگا اور انہیں توقع ہے کہ اس سے دیگر ماہرین کو ستاروں کی زندگی کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر آسٹرونومی میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :