Time 02 اپریل ، 2025
دلچسپ و عجیب

وہ خاتون جس کی آنکھوں کی رنگت آسمانی بجلی ٹکرانے سے بدل گئی

وہ خاتون جس کی آنکھوں کی رنگت آسمانی بجلی ٹکرانے سے بدل گئی
یہ واقعہ آسٹریلیا میں سامنے آیا / فائل فوٹو

کسی فرد سے آسمانی بجلی ٹکرا جائے تو اس کی جانب جان جانے کا خطرہ ہوتا ہے یا جسم پر جلنے کے نشانات بن جاتے ہیں۔

مگر ایک خاتون کے ساتھ کچھ ایسا ہوا جو دنگ کر دینے والا ہے۔

جب آسمانی بجلی اس سے ٹکرائی تو خاتون کی آنکھوں کی رنگت بدل گئی۔

جی ہاں واقعی آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایک 30 سالہ خاتون کے ساتھ ایسا ہوا۔

کارلی الیکٹرک نامی خاتون طوفان اور آسمانی بجلی میں دلچسپی رکھتی تھیں اور ان کے جسم میں آسمانی بجلی کی تھیم پر مبنی 3 ٹیٹووز بھی موجود تھے۔

مگر بدقسمتی سے انہیں اس سے ٹکرانے کے تجربے کا سامنا دسمبر 2023 میں اس وقت ہوا جب وہ اپنے گھر سے باہر طوفان کا بہتر نظارہ دیکھنے کے لیے نکلی تھیں۔

کارلی الیکٹرک کے مطابق آسمانی بجلی ٹکرانے کے بعد انہیں لگا جیسے انہوں نے منشیات کا استعمال کرلیا ہو اور ہاتھوں پیروں کے احساسات ختم ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ 'میرے پورے جسم میں پسینہ بہنے لگا، سر چکرانے لگا، میرے لیے ایک انچ چلنا بھی ناممکن ہوگیا تھا'۔

جب تک طبی عملہ وہاں پہنچا ان کے ہاتھ اور پیر نیلے ہو چکے تھے جبکہ وہ اپنے سر کو بھی حرکت دینے سے بھی قاصر ہوگئی تھیں۔

بیدار ہونے کے باوجود کارلی الیکٹرک کو سانس لینے میں مشکل ہو رہی تھی اور آخری چیز انہٰں یہ یاد رہی کہ اسپتال میں ڈاکٹر ان کے اردگرد گھوم رہے تھے۔

وہ کئی گھنٹوں تک ہوش میں آتی رہیں اور بے ہوش ہوتی رہیں۔

خاتون میں آسمانی بجلی کے ٹکرانے سے ہونے والے ایک عارضے کی تشخیص ہوئی جس میں ہاتھ پیر عارضی طور پر مفلوج ہو جاتے ہیں۔

اگرچہ وہ جلد ٹھیک ہوگئیں مگر وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں کہ ان کی آنکھوں کی رنگت بدل گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 'پہلے میری آنکھوں کا رنگ سبز تھا مگر اب وہ گہرے بھورے رنگ کی ہوگئی ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے انٹرنیٹ پر سرچ کیا تو معلوم ہوا کہ ایسا ان افراد کے ساتھ ہوتا رہتا ہے جو بجلی کی زد میں آگئے ہوں، میرے سر کا اوپری حصہ بہت زیادہ حساس ہوگیا ہے اور چھونے پر گرم وہ جاتا ہے تو میں اپنے بالوں پر برش کرنے سے گریز کرتی ہوں'۔

مزید خبریں :