پاکستان کرکٹ ٹیم کے غیرملکی کوچز کو ورلڈکپ تک برقرار رکھنے کا فیصلہ

غیر ملکی کوچز کی تقرری کے حوالے سے سخت موقف رکھتا ہوں لیکن ایک دم سے کوچز کو تبدیل کرنا دانشمندی نہیں ہے: مصباح الحق۔ فوٹو فائل
غیر ملکی کوچز کی تقرری کے حوالے سے سخت موقف رکھتا ہوں لیکن ایک دم سے کوچز کو تبدیل کرنا دانشمندی نہیں ہے: مصباح الحق۔ فوٹو فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں اکتوبر میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ تک غیر ملکی کوچز مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن کو تبدیل کرنے کا ارادہ ترک کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں سابق کپتان مصباح الحق نے کہا گو کہ میں غیر ملکی کوچز کی تقرری کے حوالے سے سخت موقف رکھتا ہوں لیکن اگر نجم سیٹھی نے غلط فیصلہ بھی کیا ہے تو ایک دم سے کوچز کو تبدیل کرنا دانشمندی نہیں ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے مصباح الحق کا کہنا تھا مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن کو وقت ملنا چاہیے، ورلڈ کپ کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لے کر فیصلہ کرنا ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے سابق چیف سیکرٹری پنجاب اور پاکستان ٹیم کے سابق منیجر نوید اکرم چیمہ کو ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا منیجر بنانے کی تجویز نہیں ہے، نوید اکرم چیمہ نے کئی بڑے کھلاڑیوں کو ڈسپلن کا پابند بنایا اور وہ سخت رویے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔

تاہم کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ موجودہ ٹیم میں ایسا کوئی کھلاڑی نہیں ہے جو منیجر یا ٹیم انتظامیہ کے لیے مسائل پیدا کرنے والا ہو۔

ذرائع کا کہنا ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کی اچھی کارکردگی بھی ایسے فیصلوں کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

خیال رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ رواں برس 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہو گا اور اس ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 15 اکتوبر (تبدیلی سے مشروط) کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔

مزید خبریں :