15 اگست ، 2023
انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کے ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ نے ڈی جی سول ایوی ایشن پاکستان کو کیبن کریو کے لیے بنائے گئے ڈیوٹی کے قوانین کی خلاف ورزی پر خط لکھ دیا۔
آئی ٹی ایف کا کہنا ہےکہ پی آئی اے انتظامیہ کیبن کریو کے لیے بنائےگئے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے، قوانین کے برخلاف کیبن کریو سے 12 گھنٹوں کے بجائے 16 اور 18 گھنٹوں کی ڈیوٹی کرائی جا رہی ہے۔
آئی ٹی ایف کے مطابق سرفیس ٹریولنگ کے قانون کی خلاف ورزی کی وجہ سے ہی سینیئر پرسر راشدہ مجید کی جان چلی گئی اور ثمینہ اورنگزیب شدید زخمی ہیں۔
آئی ٹی ایف نے سینیئر پرسر کی موت کی وجہ قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، آئی ٹی ایف کا کہنا ہے کہ انہوں نے بارہا سول ایوی ایشن پاکستان اور ایوی ایشن منسٹر کو کیبن کریو کے ساتھ زیادتی پر خطوط لکھے مگر پابندی کا اطلاق نہیں کیا گیا۔
آئی ٹی ایف نے پی آئی اے انتظامیہ کو کہا ہےکہ ممبر کیبن کریو ایسوسی ایشن (پکا) کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔