16 اگست ، 2023
کراچی میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملک بھر میں وارداتیں کرنے والے گروہ کے سرغنہ سمیت پریڈی تھانے کی حدود سے ڈھائی کروڑ روپے لوٹنے کی واردات میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
سندھ رینجرز کے قلندر ونگ کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل علی موسیٰ اور ایس ایس پی ساؤتھ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 5 اگست کو پریڈی کے علاقے میں ڈھائی کروڑ روپے لوٹنے کی واردات ہوئی تھی، ملزمان تک پہنچنے کیلئے رینجرز اور پولیس نے مشترکہ طور پر کیس پر کام کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ گروہ پورے پاکستان میں وارداتیں کرتا آیا ہے، اورنگی، صدر اور دیگر علاقوں میں مشترکہ کارروائیوں کے بعد گروہ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 3 پستول اور لوٹی گئی رقم میں سے ایک کروڑ 92 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کے قبضے سے 2 موٹر سائیکل اور 12 موبائل فونز بھی برآمد ہوئے ہیں،
مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان شہر بھر میں وارداتیں کرچکے ہیں۔ جیولری شاپس، ہاؤس رابریز اور دیگر سیکڑوں وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، ملزمان نے صدر میں صراف سے 200 ڈالر لوٹنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کا گروہ شانگلہ سے تعلق رکھتا ہے، یہ لوگ منظم انداز میں وارداتیں پلان کرتے اور باقاعدہ ریکی کے بعد ہی وارداتیں کرتے تھے۔ واردات کیلئے ہر ساتھی کو ایک ٹاسک دیا کرتے تھے۔