پاکستان

وفاقی اداروں کے متاثرہ ملازمین کی بحالی اور مستقلی کے معاملے میں اہم پیش رفت

سابق ایم این اے قادرخان مندوخیل کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی نے متاثرہ ملازمین کی بحالی سمیت دیگر سفارشات مرتب کی تھیں— فوٹو: فائل
سابق ایم این اے قادرخان مندوخیل کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی نے متاثرہ ملازمین کی بحالی سمیت دیگر سفارشات مرتب کی تھیں— فوٹو: فائل

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) سمیت دیگر وفاقی اداروں کے متاثرہ ملازمین کی بحالی اور مستقلی کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، کابینہ سیکرٹریٹ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ہزاروں متاثرہ ملازمین کیلئے وزارت خزانہ کو مراسلہ بھیج دیا۔

ذرائع کے مطابق بھیجے گئے مراسلے میں وزارت خزانہ کو قومی اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ متاثرہ ملازمین کیلئے کمیٹی سفارشات پر انتظامی طور پر فوری فیصلہ کرے۔

سابق ایم این اے قادرخان مندوخیل کی سربراہی میں کمیٹی نے متاثرہ ملازمین کی بحالی سمیت  دیگر سفارشات مرتب کی تھیں جن میں  ڈیلی ویجز، جبری برطرف شدہ اورکنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کی سفارشات شامل ہیں۔

مراسلہ کے مطابق وفاقی وزارتوں کے ماتحت اداروں کے سیکرٹری اپنی سطح پر متاثرہ ملازمین کی اسکروٹنی کرنے کے مجاز ہوں گے، تمام وفاقی سیکریٹریز کو اپنی سطح پر متاثرہ ملازمین کے کیسز کی اسکروٹنی کرکے اپنی ذمہ داری پر ملازمین کو ریگولر کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ ملازمین کی داد رسی کیلئے اسپیشل کمیٹی کی سفارشات پر من و عن عمل کیا جائے، اسپیشل کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کی نگرانی وزارت پارلیمانی امور انجام دے گی۔

مزید خبریں :