25 اگست ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکااشرف نے اپنی ممکنہ برطرفی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
ذکا اشرف کے وکیل نے یقین دلایا کہ اگلےایک ہفتے میں انتخابی شیڈول عدالت میں پیش کر دیا جائے گا، انہوں نے مؤقف اپنایا کہ پی سی بی کاملک میں ہونے والےعام انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، نگران حکومت منتخب حکومت کےفیصلوں کو ختم کرنے کا اختیار نہیں رکھتی۔
لاہور ہائیکورٹ کے روبرو درخواست پر سماعت ہوئی جس میں ممکنہ برطرفی کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سیکرٹری پی سی بی کے پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم کو لکھے گئے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
عدالت نے کہا کہ مجاز اتھارٹی چیئرمین بورڈ آف منیجمنٹ کو ہٹانے کے حوالے سے اپنا مائنڈ اپلائی کرے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا انتخاب کب ہونا ہے؟ ان انتخابات کیلئے انتخابی شیڈول کیوں نہیں آیا؟
ذکا اشرف کے وکیل نے بتایا کہ آئندہ ایک ہفتے میں انتخابی شیڈول عدالت پیش کر دیا جائے گا۔