25 اگست ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قائم مقام ڈائریکٹر ڈومیسٹک جنید ضیا اور کنسلٹنٹ ڈومیسٹک اینڈ ویمن کرکٹرز ندیم خان نے کہا ہے کہ خوشخبری یہ ہے کہ پاکستان کی ٹیمیں جیت رہی ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ کو معیاری بنانا ہماری اولین ترجیح ہوگی، لیکن کسی بھی ادارے میں تسلسل نہیں ہوگا تو مسائل ہوتے ہیں۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائم مقام ڈائریکٹر ڈومیسٹک پی سی بی جنید ضیا کا کہنا تھا کہ دسمبر 2022 میں 2014 کا آئین بحال ہوا تھا، آئین کے مطابق ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں ٹیمیں حصہ لیں گی، اب اس آئین کے مطابق پاکستان کپ اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بھی ہوا کرے گا جبکہ پوائنٹس سسٹم پہلے کی طرح برقرار رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ 46 ڈپارٹمنٹل ٹیموں نے کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، ڈپارٹمنٹل کرکٹ میں دو روزہ اور تین روزہ کرکٹ بھی ہو گی اور ٹیمیں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ بھی کھیل سکیں گی۔
جنید ضیا کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو معیاری بنانا ہماری اولین ترجیح ہوگی، ادائیگیاں جلد مکمل طور کلیئر کر دی جائیں گی، بورڈ میں تبدیلیوں کی وجہ سے ادائیگیوں میں تاخیر ہوئی تھی، ادارے میں تسلسل نہیں ہوگا تو مسائل ہوتے ہیں۔
اس موقع پر کنسلٹنٹ ڈومیسٹک اینڈ ویمن کرکٹرز ندیم خان کا کہنا تھا کہ 360 کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ ملیں گے اس سے قبل صرف 192 کو ملا تھا، انہیں ریجن اور ڈپارٹمنٹ سے کھیلنے کا موقع ملے گا۔
ندیم خان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کیلئے مواقع بڑھے ہیں اور ان کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے، اب کھلاڑیوں کی آمدنی بڑھے گی اور ان کا پول بھی بڑھے گا، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹرز کی آمدنی میں فرق بھی کم ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے بھی کھلاڑیوں کے مالی حالات بہتر ہونے ہیں، پی ایس ایل میں 70، 80 کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اب 7 کیٹیگریز میں کنٹریکٹ ملیں گے جبکہ اس سے قبل صرف 5 کیٹیگریز میں کنٹریکٹ ملتے تھے، کھلاڑیوں کو پروفیشنل ہونے کا موقع مل رہا ہے۔
ندیم خان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو اے پلس کیٹیگری میں بھی کنٹریکٹ دیے جائیں گے تاہم اس کیلئے ناموں کی تجویز کوچز دیا کریں گے، اس کیٹیگری میں شامل ہونے والے کھلاڑی کو 3 لاکھ روپے ماہانہ ملیں گے جبکہ سب سے کم معاوضہ 50 ہزار روپے ماہانہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈومیسٹک کرکٹرز کو سال بھر کیلئے معاوضہ ملے گا جبکہ میچ فیس میں اضافہ نہیں ہوگا البتہ کچھ جگہ پر کم ہو گا، ڈیلیز کو ڈبل کر کے 5 ہزار کر دیا گیا ہے اور لنچ کیلئے 12 سو کی بجائے اب 2 ہزار روپے ملیں گے۔