03 ستمبر ، 2023
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیکر 3 میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
یاد رہے کہ جمعہ کے روز کھیلا گیا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پاکستان ویمنز ٹیم نے 5 وکٹوں سے جیتا تھا، سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی پیر کے روز کھیلا جائے گا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں اتوار کو کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ندا ڈار نے لگاتار دوسری مرتبہ ٹاس جیت کر جنوبی افریقی ویمنز کو پہلے بیٹنگ دی۔
میزبان ٹیم نے ام ہانی کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دی ۔ پہلے میچ میں شوال ذوالفقار کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دی گئی تھی۔
جنوبی افریقا کی اننگز
جنوبی افریقی ویمنز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔
کپتان لورا ووفارٹ اور ٹیزمین برٹس نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو عمدہ اسٹارٹ دیا اور 74 رنز کی شراکت قائم کی۔ لورا ووفارٹ 6 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بناکر نشرہ سندھو کی گیند پر فاطمہ ثناء کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں۔
پہلے میچ میں78 رنز بنانے والی برٹس 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46 رنز بناکر سعدیہ اقبال کی گیند پر بسمہ معروف کے عمدہ کیچ پر آؤٹ ہوئیں۔
اس کے علاوہ ماریزان کیپ نے26 رنز اسکور کیے جبکہ نیدین دی کلیرک صرف 11 گیندوں پر 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
جواب میں پاکستان ویمنزٹیم نے 19 اعشاریہ ایک اوورز میں صرف3 وکٹوں پر مطلوبہ ہدف پورا کرلیا۔
پاکستان ویمنز کی پہلی وکٹ 23 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب شوال ذوالفقار4 رنز بناکر ملابا کی گیند پر برٹس کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں جس کے بعد بسمہ معروف اور سدرہ امین اسکور کو 91 تک لے گئیں ۔اس موقع پر بسمہ معروف 26گیندوں پر 27 رنز بناکر ملابا کی گیند پر بولڈ ہوگئیں۔
سدرہ امین نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے61 رنز کی اننگز کھیلی ۔ یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کا بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔
وہ جب آؤٹ ہوئیں تو پاکستان ویمنز کو جیتنے کے لیے 34گیندوں پر49 رنز درکار تھے۔
اس مرحلے پر منیبہ علی اور عالیہ ریاض نے پہلے میچ کی طرح پاکستان ویمنز کو جیت سے ہمکنار کرادیا۔ان دونوں نے چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں54 رنز کا اضافہ کیا۔
منیبہ علی نے 15 گیندوں پر 26 رنز اسکور کیے ۔ ان کی اننگز میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔عالیہ ریاض 18گیندوں پر 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ان کی اننگز میں2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔