04 ستمبر ، 2023
نگران وفاقی حکومت کی طرف سے بجلی کے بلوں میں ریلیف کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وفاقی حکومت کی جانب سے بھاری بجلی کے بلوں میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کے بھاری بلوں میں ریلیف کے مد میں اکتوبر میں 300 یونٹ تک کے صارفین کے بلوں میں 3 ہزار روپے تک کمی ہوگی جبکہ 60 سے 70 ہزار روپے تک بجلی بلوں میں 13 ہزار روپے تک کمی ہوگی۔
واضح رہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عوام سے ریلیف کا وعدہ کیا تھا لیکن اعلیٰ سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجلی کے بلوں کو مؤخر کرنے کی پاکستان کی درخواست پر تاحال مکمل طور پر منظوری نہیں دی۔
دی نیوز میں شائع مہتاب حیدر کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستانی مذاکرات کاروں کو بہت ٹف ٹائم دے رہا ہے، دونوں فریق اب تک اضافی بلوں کی ادائیگی کے فارمولے پر کوئی اتفاق رائے پیدا نہیں کرسکے ہیں۔