Time 11 ستمبر ، 2023
دلچسپ و عجیب

2 ہزار فٹ کی بلندی سے گر کر زندہ بچ جانے والا خوش قسمت شخص

یہ واقعہ نیوزی لینڈ کے نارتھ آئی لینڈ میں پیش آیا / فوٹو بشکریہ MOMENT RF
یہ واقعہ نیوزی لینڈ کے نارتھ آئی لینڈ میں پیش آیا / فوٹو بشکریہ MOMENT RF

انسان کتنی بلندی سے گر کر زندہ بچ سکتا ہے ؟ ویسے تو ایک یا 2 منزلہ عمارت سے نیچے گرنا بھی جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے مگر ایک خوش قسمت شخص لگ بھگ 2 ہزار فٹ کی بلندی سے گر کر بھی بچ گیا۔

یہ واقعہ نیوزی لینڈ میں پیش آیا جہاں ایک کوہ پیما ماؤنٹ Taranaki نامی چوٹی کو سر کرتے ہوئے نیچے جاگرا۔

مقامی پولیس کے مطابق نارتھ آئی لینڈ میں واقع اس چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کے دوران یہ کوہ پیما 1968 فٹ کی بلندی سے نیچے نرم برف پر گرا۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کوہ پیما بہت زیادہ خوش قسمت ہے جو زندہ بچ گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ نیچے موجود برف درجہ حرارت بڑھنے سے نرم ہوگئی تھی اور وہ شخص گر کر محض معمولی زخمی ہوا۔

جتنی بلندی سے وہ شخص نیچے گرا تھا وہ سعودی عرب کے مکہ کلاک رائل ٹاور کے برابر ہے، جو دنیا کی بلند ترین عمارات میں سے ایک ہے۔

یہ کوہ پیما 9 ستمبر کو ایک گروپ کے ساتھ اس چوٹی کو سر کر رہا تھا۔

پولیس کے مطابق اپنے ساتھی کوہ پیما کو چوٹی سے نیچے گرتے دیکھ کر دیگر افراد نیچے اترے تاکہ اسے تلاش کر سکیں۔

Taranaki الپائن ریسکیو کا ایک رکن بھی اس وقت وہاں کوہ پیمائی کر رہا تھا جس نے نیچے گرنے والے شخص کو تلاش کرنے میں مدد کی۔

ماؤنٹ Taranaki کو نیوزی لینڈ کی خطرناک ترین چوٹیوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔

اس سے قبل 2021 میں 2 کوہ پیما اسی مقام سے نیچے گر کر ہلاک ہوئے تھے، جہاں 9 ستمبر کو کوہ پیما گرا تھا۔

مزید خبریں :