18 دسمبر ، 2024
اسلام آباد میں جاری بین الصوبائی قائد اعظم گیمز میں پنجاب کی برتری بدستور برقرار ہے، گیمز میں اس نے اب تک 77 گولڈ میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 164 میڈلز اپنے نام کر لیے ہیں۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے قائداعظم بین الصوبائی گیمز کے 18 دسمبر کے مقابلوں میں میڈلز کی تفصیلات جاری کر دی گئیں جس میں پنجاب نے شاندار کارکردگی کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ خیبرپختونخوا نے دوسری پوزیشن اور سندھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
پنجاب نے مجموعی طور پر 164 میڈلز جیتے، جن میں 77 گولڈ، 50 چاندی اور 37 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا نے اب تک 91 تمغے جیتے ،جن میں 24 گولڈ،30 چاندی اور 37 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
سندھ نے 72 تمغے حاصل کیے ہیں جن میں 15گولڈ، 26 چاندی اور 31 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان نے 61 تمغے حاصل کرکے چوتھی، اسلام آباد نے 54 تمغے جیت کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان نے بالترتیب 26 اور 22 تمغے جیتے۔
بین الصوبائی قائد اعظم گیمز کا کل آخری دن ہوگا۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ نے تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا مظہر ہیں۔