13 ستمبر ، 2023
کراچی کی تعمیرات میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں اور بھتہ وصول کرنے کے الزامات کے تحت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے انسپکٹر ضیا الرحمان عرف ضیا کالا کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس یو کے سینیئر سپریٹینڈنٹ پولیس جنید شیخ کے مطابق پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نےسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے انسپکٹر ضیا الرحمان عرف ضیا کالا کو گرفتار کیا ہے، ملزم ضیا کالا اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کراچی کے پریڈی تھانے میں انسداد دہشت گردی کی دفاع کے تحت مقدمہ نمبر 488/23 درج ہے۔
جس کے تحت ملزم اور اس کے ساتھیوں نے زیر تعمیر عمارت سے 40 لاکھ روپے بھتہ مانگا اور 5 لاکھ روپے وصول کیے۔
پولیس کے مطابق ضیا کالا عزیز آباد کے علاقے یاسین آباد گلشن شمیم کا رہائشی ہے جو متحدہ قومی موومنٹ کے عروج کے دنوں میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں قلی کے طور پر بھرتی ہوا جو بعد ازاں ترقی کرتے ہوئے انسپکٹر کے عہدے پر جا پہنچا۔
پولیس کے مطابق اس مقدمے کے علاوہ ملزم اور اس کے ساتھیوں پر ایس بی سی اے میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں اور کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات کی تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔