14 ستمبر ، 2023
پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا کہنا ہے کہ شہر میں بیشتر پولیس تھانے پیسکو کے نادہندہ ہیں۔
پیسکو کے مطابق تھانا کوتوالی کے ذمے ایک کروڑ 9 لاکھ کے بقایاجات ہیں، تھانا گلبہار 60 لاکھ 11 ہزار روپے اور تھانا ہشنتگری نے پیسکو کو ایک لاکھ 52 ہزار روپے کا بجلی بل ادا کرنا ہے۔
پیسکو حکام نے بتایا کہ پولیس چوکی خیبربازار کے ذمے15 لاکھ ایک ہزار روپے واجب الادا ہیں جب کہ تھانہ کابلی 61 لاکھ 74 ہزار اور تھانہ شاہ قبول ایک لاکھ 48 ہزار روپےکا نادہندہ ہے۔
پیسکو کا کہنا ہےکہ ادائیگیاں نہ کرنے اور بجلی چوری پر تھانہ کوتوالی کو 46 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا، بجلی کے غیرقانونی کنڈے لگانے پر تھانہ کابلی پر ایک لاکھ 44 ہزار روپے اور پولیس چوکی خیبربازارکوبجلی چوری پر86ہزار روپےجرمانہ کیا گیا۔
پیسکو کے مطابق پشاور میں مجموعی طور پر 34 پولیس تھانے ہیں اور محکمہ پولیس مجموعی طورپر313 ارب روپے کا نادہندہ ہے۔
دوسری جانب پیسکو کے پولیس اسٹیشن پر بجلی چوری کے الزام پر سی سی پی او کا کہنا ہےکہ کوئی پولیس تھانہ بجلی چوری میں ملوث نہیں، تھانوں کے ذمے بجلی بلز کے بقایاجات ہیں، فنڈز ملتے ہی بجلی کے بلز ادا کیے جاتے ہیں۔