15 ستمبر ، 2023
ایشیا کپ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کے ہاتھوں سنسنی خیز میچ میں شکست سے دوچار ہوکر ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا بیان سامنے آگیا۔
جمعرات کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔شکست کے بعد گرین شرٹس کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا۔
سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد کرکٹ شائقین اداس دکھائی دے رہے ہیں۔
ایسے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ'جس طرح ٹورنامنٹ کا اختتام ہوا مایوسی ہے، لیکن اس سے سب کچھ ختم نہیں ہوگیا'۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی ہمت نہیں ہاری اور مقابلہ کیا اور یہ مقابلہ کرنے کا جذبہ ختم نہیں ہونا چاہیے، ہمارے سامنے ایک بڑا چیلنج ( ورلڈکپ) آنے والا ہے اور ہم اس کے لیے بہترین تیاری کریں گے ۔
واضح رہے کہ اتوار کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔