Time 17 ستمبر ، 2023
جرائم

غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کیخلاف رواں سال 303 چھاپے

اس کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 416 ملزمان کو گرفتار کیا گیا / فائل فوٹو
اس کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 416 ملزمان کو گرفتار کیا گیا / فائل فوٹو

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے غیرقانونی کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے اس حوالے سے اب تک کے اقدامات کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق رواں سال کرنسی کی غیرقانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 303 چھاپے مارے گئے، جس کے دوران 416 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان سے مجموعی طور پر 3 ارب 54 کروڑ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف 289 مقدمات اور 49 انکوائریاں درج کی گئیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چھاپوں کے دوران ملزمان کے زیر استعمال متعدد دکانوں اور دفاتر کو سیل کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان سے 3 ارب 16 کروڑ پاکستانی روپے، 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے امریکی ڈالرز اور 23 کروڑ 71 لاکھ روپے کی دیگر غیرملکی کرنسی برآمد کی گئی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار کیے جانے والے متعدد ملزمان مختلف کاروبارکی آڑ میں کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے۔

مزید خبریں :