Time 20 ستمبر ، 2023
کھیل

'عامر پاکستانی ہے، اسے ٹیم میں آنا چاہیے'، معین خان کی عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی حمایت

سابق پاکستانی کپتان معین خان نے فاسٹ بولر محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی حمایت کی ہے۔

حال ہی میں پاکستان اور سری لنکا کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا صارفین بولرز پر مسلسل تنقید کررہے ہیں اور  ساتھ ہی یہ مطالبہ بھی کررہے ہیں کہ محمد عامر کو پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپس لینا چاہیے۔

اب جب صحافیوں نے  عامر کی واپسی کے حوالے سے سابق کرکٹر معین خان سے سوال کیا تو انہوں نے فاسٹ بولر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی حمایت کر دی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں معین خان نے کہا کہ محمد عامر لیگز کھیل رہا ہے اور اچھا پرفارم کر رہا ہے، ایسا نہیں کرنا چاہیے کہ حقدار کھلاڑی کی جگہ جو پہلے ہی ٹیم میں سیٹ ہو، اس کی جگہ عامر کو دوبارہ لے آئیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ایک طریقہ کار ہے اور اگر وہ اس عمل سے گزر کر ٹیم میں آتا ہے تو اس کو ضرور آنا چاہیے، محمد عامر بہت زبردست کرکٹر اور بولر ہے اور آخر میں وہ پاکستانی ہی ہے۔

واضح رہے کہ 2020 میں محمد عامر نے مینجمنٹ سے مایوس ہو کر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

فاسٹ بولر محمد عامر پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ پر برس پڑے تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو ذاتی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کے لیے محمد عامر کے نام پر غور نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :