29 ستمبر ، 2023
نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہےکہ سیلاب کے بعد پاکستان کی تعمیر نو میں مدد کیلئے تقریباً 9 بلین ڈالرز کا وعدہ کیا گیا تھا لہٰذا عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔
جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس سے خطاب میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی برادری کی جانب سےبڑے پیمانے پر امداد کی ضرورت ہےکیونکہ پاکستان اس کا مستحق ہے، عالمی اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالنے کے باوجود پاکستانی عوام کو موسمیاتی اثرات سے 15 گنا زیادہ خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان موسمیاتی افراتفری کے اعتبار سے غیر منصفانہ عالمی سسٹم کا دہرا شکار ہے، پاکستان میں مون سون کی طوفانی بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب کے باعث 1700 انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں اور اب بھی پاکستان مون سون کی بارشوں کے اثرات سے دوچار ہے، آب و ہوا کے باعث جو اموات اور جو تباہی ہوئی اسے کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔
سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ رواں سال جنوری میں پاکستان کی تعمیر نو میں مدد کیلئے تقریباً 9 بلین ڈالرز کا وعدہ کیا گیا تھا، عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔