Time 05 اکتوبر ، 2023
کھیل

ورلڈکپ : اسٹیڈیم میں کراؤڈ لانے کیلئے جے شاہ کی فینز کو منفرد پیشکش

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کو  آئی سی سی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی عدم دلچسپی کا سامنا ہے۔

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کا آغاز ہوگیا اور افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔

ورلڈکپ میچز شروع ہونے سے پہلے آن لائن بکنگ ویب سائٹ نے تمام ٹکٹس فروخت ہونے کا دعویٰ کیا تھا جو بظاہر افتتاحی میچ میں جھوٹا نکلا۔

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں خالی کرسیاں بھارتی کرکٹ بورڈ کو منہ چڑانے لگیں ہیں کیوں کہ میدان میں تماشائی نہ ہونے کے برابر ہیں۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

سوشل میڈیا پر بھی شائقین کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ پر کافی تنقید کی جا رہی ہے اور ساتھ ہی خالی اسٹیڈیم کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔

تاہم اسٹیڈیم میں کراؤڈ لانے کیلئے بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے فینز کو  منفرد پیشکش کر دی۔

سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے جے شاہ نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں میچز کی جانب مبذول کرانے کے لیے مفت منرل واٹر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جے شاہ نے کہا کہ ورلڈکپ کے دوران اسٹیڈیم میں شائقین کو منرل واٹر اور پیکنگ میں دستیاب مفت پانی دیا جائے گا، ہائیڈریٹڈ رہیں اور گیمز انجوائے کریں، آئیں اور ورلڈکپ کے دوران نہ بھلائے جانے والے لمحات بنائیں۔

دوسری جانب سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے اسٹیڈیم میں مفت انٹری کا مطالبہ کر دیا۔

سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے سہواگ نے لکھاکہ امید ہے کہ دفتری اوقات کے بعد فینز اسٹیڈیم کارخ کریں گے ، بھارتی ٹیم کے میچ کے علاوہ میچز کے لیے اسکول اور کالج کے بچوں کو اسٹیڈیم میں داخلہ مفت کیا جائے۔

اس سے قبل ورلڈکپ کے افتتاحی میچ کے ٹکٹس سولڈ آؤٹ ہونے یا نہ ہونے پر بھارتی میڈیا نے بھی سوالات اٹھائے تھے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت بے جے پی نے سٹی وارڈ لیول پر اسٹینڈز کو بھرنے کی حکمت عملی بنالی ہے، مقامی آفیشلز ٹکٹوں کے ساتھ چائے اور لنچ کے فری واؤچرز بھی دے رہے ہیں۔

مزید خبریں :