کھیل
Time 16 اکتوبر ، 2023

افغانستان سے انگلینڈ کی اپ سیٹ شکست نے پوائنٹس ٹیبل کو دلچسپ بنادیا

ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ افغانستان کی دوسری جیت تھی__فوٹو: ای ایس پی این
ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ افغانستان کی دوسری جیت تھی__فوٹو: ای ایس پی این

ورلڈکپ میں ہفتے کو پاکستان کی بھارت سے شکست اور پھر اتوار کے روز انگلینڈ کی افغانستان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست نے پوائنٹس ٹیبل کو مزید دلچسپ بنادیا۔

ہفتے کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے اس وقت شکست دی جب اننگز کی 117 گیندیں باقی رہتی تھیں۔

پھر اتوار کو افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور 69 رنز سے فتح حاصل کی۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ افغانستان کی دوسری جیت تھی کیونکہ افغان ٹیم نے آخری بار میگا ایونٹ میں 2015 میں نیوزی لینڈ میں اسکاٹ لینڈ کو شکست دی تھی جب کہ یہ پہلا موقع تھا جب افغان ٹیم نے ون ڈے میچ میں انگلینڈ پر فتح حاصل کی۔

آئیے دیکھتے ہیں ان 2 مقابلوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی کیا صورتحال ہے۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جس نے 3 میچز کھیلے اور تینوں میں کامیاب رہا، بھارتی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ 1.821 ہے۔

دوسری پوزیشن اس وقت نیوزی لینڈ کی ہے، یہ بھی ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست ٹیم رہی جس نے 3 میچز کھیلے اور تینوں میں کامیابی حاصل کی، کیوی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ 1.604 ہے۔

 پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا اس وقت تیسری پوزیشن پر ہے جس کے 4 پوائنٹس ہیں، جنوبی افریقا نے 2 میچ کھیلے اور دونوں میں کامیاب رہا، ٹیم کا نیٹ رن ریٹ 2.360 ہے۔

اس کے علاوہ پاکستانی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے جس نے 3 میچز کھیلے اور 2 میں کامیابی حاصل کی، پاکستان کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.137 ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر پانچوان نمبر انگلینڈ، چھٹا افغانستان، ساتواں بنگلادیش، آٹھواں سری لنکا، نواں نیدرلینڈز اور دسواں حیران کن طور پر آسٹریلیا کا ہے۔

مزید خبریں :