26 اکتوبر ، 2023
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کے خلاف اہم میچ سے قبل پاکستان ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے پریکٹس پر آرام کو ترجیح دی تاکہ میچ میں تازہ دم ہوکر ایکشن میں ہوں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں جمعہ کو جنوبی افریقا سے میچ کھیلے گی اور ورلڈ کپ میں بقا کیلئے اس میچ میں جیت اہم ہے، پاکستان ٹیم کو پچھلے تین میچز میں شکست ہوئی تھی۔
میچ سے قبل جمعرات کو پاکستان ٹیم کا آپشنل ٹریننگ سیشن رکھا گیا جس میں ورلڈ کپ پلیئنگ اسکواڈ کے 8 اور ریزرو اسکواڈ کے تینوں پلیئرز نے حصہ لیا۔
فاسٹ بولرز شاہین آفریدی، حارث روف اور حسن علی پریکٹس سیشن میں نہ آئے ، وکٹ کیپر محمد رضوان، اوپنر عبداللہ شفیق ، اسپنر اسامہ میر اور آل راؤنڈر محمد نواز نے بھی آرام کو ترجیح دی۔
ڈھائی گھنٹے جاری رہنے والے سیشن میں جو پلیئرز موجود تھے ان میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان کے علاوہ امام الحق، افتخار احمد، فخر زمان ، سلمان علی آغا، وسیم جونیئر اور سعود شکیل شامل تھے ۔
ریزرو اسکواڈ کے ابرار احمد، محمد حارث اور زمان خان نے بھی پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ۔
پریکٹس سیشن کے دوران پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر، کپتان بابر اعظم کے ساتھ گفتگو کرتے رہے، کھلاڑیوں نے نیٹس پر پاوور ہٹنگ کی بھی پریکٹس کی ۔