حارث کی گیند پر افریقی بیٹر کو آؤٹ نہ دینے پر بھارتی اداکار ایوشمان بھی بول پڑے

میچ کے دوران ایوشمان نے بھی اس متنازع آؤٹ پر تبصرہ کیا__فوٹو: سوشل میڈیا
میچ کے دوران ایوشمان نے بھی اس متنازع آؤٹ پر تبصرہ کیا__فوٹو: سوشل میڈیا

بھارتی اداکار ایوشمان کھرانہ بھی پاکستان اور جنوبی افریقا کے میچ کے دوران امپائر کے غلط فیصلے پر بول اٹھے۔

ورلڈکپ کے 26 ویں اور اہم ترین میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی،جنوبی افریقا نے پاکستان کا 271 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر 47.2 اوورز میں پورا کرلیا۔

میچ میں ایک موقع ایسا آیا کہ جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 8 رنز اور پاکستان کو کامیابی کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی۔

ایسے میں حارث رؤف نے جنوبی افریقا کے ٹیل اینڈر بیٹر تبریز شمسی کوگیند کروائی جو کہ ان کے پیڈ پر لگی، پاکستان کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی گئی لیکن آن فیلڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا تو گرین شرٹس نے ری ویو لینے کا فیصلہ کیا۔

ری ویو میں نظر آیا کہ حارث کی گیند وکٹ کو معمولی چھو رہی ہے لیکن آن فیلڈ امپائر کی جانب سے ناٹ آؤٹ دیا گیا تھا اس لیے وہ امپائرز کال کی وجہ سے ری ویو کے بعد بھی ناٹ آؤٹ ہی رہا۔

اگر آن فیلڈ امپائر حارث کی اس گیند پر آؤٹ دے دیتے تو پاکستان میچ جیت جاتا جب کہ جنوبی افریقا کی جانب سے ری ویو لینے پر بھی آؤٹ ہی قرار دیا جاتا۔ 

اس حوالے سے میچ کے دوران ایوشمان نے بھی اس متنازع آؤٹ پر تبصرہ کیا اور سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر لکھا 'یہ شمسی آؤٹ تھا'۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس اہم میچ میں ڈی آر ایس کی ایک غلطی تسلیم کرلی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے دکھائے گئے ڈی آر ایس ری پلے میں غلطی تھی جب کہ دوسرا ڈی آر ایس ری پلے درست تھا اس لیے وین ڈر ڈوسن کو 21 رنز پر آؤٹ قرار دیا گیا کیونکہ اسامہ میر کی فلیپر گیند سیدھی وکٹوں کو چھورہی تھی۔


مزید خبریں :