30 اکتوبر ، 2023
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان کی بری پرفارمنس کا ذمہ دار کم وقت میں کی جانے والی تیاری کو قرار دیا ہے۔
کلکتہ میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس صورتحال میں ہیں جہاں ہم ہونا نہیں چاہتے تھے، ہمارا جس پر کنٹرول ہے وہ کریں گے، خواہش تھی کہ یہاں ایسی پوزیشن میں ہوں کہ کنٹرول میں ہوتے۔
انہوں نےکہا کہ ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں ہیں، آئی سی سی رینکنگ سے فرق نہیں پڑتا کیوں کہ ہم بھارت اور ٹاپ ٹیموں سے نہیں کھیلتے، ہمیں کوالٹی کرکٹ کھیلنا ہوگی لیکن 4 شکستیں ہمارے ٹیلنٹ کی عکاس نہیں، ہم سب ایسی کارکردگی دینا چاہتے ہیں کہ قوم کو ہم پر فخر ہو، ہم نے اب تک اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، فینز سے پہلے ہم اپنی ہی توقعات پر ہی پورا نہیں اترے۔
یہاں کی کنڈیشن میں گیند زیادہ سوئنگ نہیں ہورہی جو ہمارے لیے اہم تھا : ہیڈ کوچ
جنوبی افریقا سے شکست پر بات کرتے ہوئے ہیڈ کوچ نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف میچ ہارنے کے بعد کھلاڑی کافی افسردہ تھے،اگر اس میچ میں 300 رنز کرتے تو پاکستان جیت جاتا، یہ درست نہیں کہ بھارت سےشکست کے بعد ہمارا اعتماد ختم ہوگیا تھا، یہاں کی کنڈیشن میں گیند زیادہ سوئنگ نہیں ہورہی جو ہمارے لیے اہم تھا۔
گرانٹ بریڈ برن کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ کی تیاری 4 سال پہلے شروع ہونا چاہیے تھی، ہم نے 6 ماہ پہلے شروع کی، ان کنڈیشنز پر ہمارے پلیئرز پہلے نہیں کھیلے تاہم ہمیں بنگلا دیش کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی، بطور حریف بنگلا دیش کی صلاحیتوں کا احترام کرتے ہیں۔