14 جنوری ، 2013
کراچی…سانحہ کوئٹہ کے خلاف پاکستان بار کونسل کی اپیل پر سندھ ہائیکورٹ ،سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ میں وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ احتجاج کے باعث عدالتی امور ٹھپ ہوکر رہ گئے۔پاکستان بار کونسل کی اپیل پر کراچی کی تما م عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی۔کراچی بار ایسوسی ایشن اور ملیر بار ایسوی ایشن کے تحت سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ میں احتجاج کیا گیا اور وکلاء کی جانب سے مقدمات کی عدم پیروی کے باعث عدالتی امور جاری نہ رہ سکے۔وکلاء کی ہڑتال کے باعث جیل سے قیدیوں کو سٹی کورٹ اور ملیر نہیں لایا گیا۔سندھ ہائیکورٹ میں بھی بار ایسوسی ایشن نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور مقدمات کی سماعت کیلئے پیش نہ ہوئے۔ سانحہ کوئٹہ کے خلاف سندھ ہائیکورٹ بار کے اجلاس میں مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی قرارداد میں قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر سپریم کورٹ عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنائے اور سانحہ کوئٹہ کے ذمہ داروں کو گرفتار کرے۔