12 نومبر ، 2023
لاہور : دورہ آسٹریلیا کی تیاری کے لیے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا کیمپ آئندہ ہفتے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے اعلیٰ عہدیداران دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم میں زیادہ تبدیلیوں کے حق میں نہیں ہیں۔
پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے، 14 دسمبر کو پہلے ٹیسٹ سے قبل ٹور میچ بھی کھیلا جائے گا، ٹور میچ 6 دسمبر سے کینبرا میں کھیلا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لیے قومی ٹیم کا کیمپ آئندہ ہفتے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لگانے کی تجویز سامنے آئی ہے، قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے ارکان 20 نومبر کو رپورٹ کریں گے اور 21 نومبر سے ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ہفتے مشاورتی عمل کا باقاعدہ آغاز کر رہا ہے، کل شروع ہونے والے ہفتے کے دوران ٹیسٹ اسکواڈ کے لیے سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے بعض اعلیٰ عہدیداران وقت کی کمی کے باعث قومی ٹیم میں زیادہ تبدیلیوں کے حق میں نہیں ہیں، اعلیٰ عہدیداران وائٹ بال کرکٹ کے لیے تبدیلیوں پر زور دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کا اسکواڈ 2 دسمبر کو آسٹریلیا کے لیے روانہ ہو گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ورلڈکپ کے 44 ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رن سے شکست دے کر پاکستان کے سیمی فائنل کھیلنے کے ارمانوں پر بھی پانی پھیر دیا تھا، قومی ٹیم کا ورلڈکپ کا سفر اختتام پزیر ہو چکا ہے اور پاکستانی ٹیم نے اپنا سفر پانچویں نمبر پر ختم کیا ہے۔