16 جنوری ، 2013
سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ نازک سرحدی صورتحال کے پیش نظر قومی قیادت تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتخابات کا اعلان کرے، جلاوٴ، گھیراوٴ اور ٹکراوٴ کی بجائے مذاکرات سے معاملات کو سلجھایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کی تازہ صورتحال پر مختلف قومی راہنماوٴں اور پارٹی عہدیداروں سے رابطوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہناتھاکہ آئین کی شق 62 اور 63 پر عمل کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، انتخابی اصلاحات کے لیے سپریم کورٹ کے 8 جون 2012 کے فیصلے پر عمل یقینی بنایا جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم کاکہناتھاکہ پینسٹھ سالوں سے نسل در نسل حکمرانی کرنے والے سدابہار بادشاہوں سے جان چھڑانا ہو گی،کرپٹ نظام کا نام و نشان مٹانے سے ہی پاکستان کی بقا، ترقی، استحکام اور سلامتی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرم انقلاب کا راستہ روکا گیا تو مسائل زدہ لوگ سروں پر کفن باندھ کر حشر بپا کر دیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ عوام کروٹ بدل رہے ہیں اور اہل حق کا اتحاد ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔