29 نومبر ، 2023
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بینکوں کی ونڈ فال آمدن پر 40 فیصد اضافی ٹیکس کا اطلاق معطل کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ونڈ فال آمدن پر اضافی ٹیکس کا ایس آر او معطل کر دیا۔ جسٹس سردار اعجاز خان نے ایف بی آر کا ایس آر او معطلی کا تحریری حکم جاری کیا ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ٹیکسیشن معاملات نگران حکومت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق اضافی ٹیکس کا نوٹیفکیشن قومی اسمبلی میں پیش کرنا ضروری ہے، ونڈ فال آمدن پر اضافی ٹیکس کا ایس آر او آئندہ سماعت تک معطل کیا جاتا ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ ونڈ فال آمدن پر اضافی ٹیکس کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کیے جاتے ہیں، درخواست پر سماعت 8 دسمبر کو ہوگی۔
واضح رہے کہ ونڈ فال آمدن پر اضافی ٹیکس کے خلاف درخواست عسکری بینک نے دائر کر رکھی ہے۔
وفاقی کابینہ نے بینکوں کے غیر معمولی منافع پر 15 نومبر کو 40 فیصد ٹیکس لگانے کی منظوری دی تھی۔ بینکوں نے غیر معمولی منافع سال 2021 اور سال 2022 میں زرمبادلہ کے لین دین سے حاصل کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سال 2022 میں بینکوں نے 80 ارب 92 کروڑ روپے جبکہ سال 2021 میں 42ارب روپے کا منافع کمایا تھا۔