29 نومبر ، 2023
رحیم یار خان میں ڈاکوؤں نے حملہ کرکے لڑکی سمیت 5 کسانوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس کی جوابی کارروائی میں 4 ڈاکو ہلاک جب کہ 2 اہلکار شہید بھی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ماچھکہ کے علاقے میں ایک درجن سے زائدکوش اور شرگینگ کے ڈاکوؤں نےگنےکی کٹائی کے دوران کسانوں پر حملہ کردیا۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 4 کسان جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے چھت پر کھڑی 17 سالہ لڑکی بھی گولیوں کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی۔
واقعےکے بعد پولیس نے ڈاکوؤں کا محاصرہ کیا تو مقابلہ ہوگیا اور 4 ڈاکو مارے گئے۔
اس دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار محمد قاسم اور جام ارشاد شہید ہوگئے جب کہ 4 زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں شیخ زائد اسپتال رحیم یار خا ن منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کوش گینگ اور شر گینگ کے ساتھ پولیس کا فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، آپریشن میں سرکل بھونگ صادق آباد کی پولیس شامل ہے اور گھوٹکی پولیس اور چین اے پی سی کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
پولیس نے گنے کی فصل کو آگ لگادی ہے ، ڈاکو جدید اسلحہ استعمال کررہے ہیں اور راکٹ بھی فائر کر رہے ہیں ۔