18 جنوری ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی منظرامام کے قتل کے خلاف ایم کیوایم کی اپیل پر کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی یوم سوگ منایا گیا۔حیدرآباداور اندرون سندھ میں جمعے کو تمام کاروباری مراکز عمومی طور پر بند ہوتے ہیں تاہم رکن سندھ اسمبلی منظرامام کے قتل کے خلاف سوگ میں وہ دکانیں اور بازار بھی بند رہے جو جمعہ کے روز کھلے رہتے ہیں۔ جبکہ ٹریفک کہیں مکمل طور پر معطل اور کہیں معمول سے کم رہا۔حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے رہنمامنظرامام اور ان کے محافظوں کی غائبانہ نماز جنازہ باچا خان چوک پر ادا کی گئی جس میں ایم کیو ایم کے زونل انچارج محمد شریف خان، ارکان زونل کمیٹی کے علاوہ کارکنوں نے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ زونل آفس میں منظر امام کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی بھی کی گئی۔سکھر میں بھی یوم سوگ منایا گیا اور ایم کیو ایم کے زونل آفس کے باہر منظر امام کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔میرپورخاص، نوابشاہ، لاڑکانہ، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہ یار اور دیگر شہروں میں بھی سوگ کی فضا رہی۔