18 جنوری ، 2013
کراچی …ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی برفباری سے معمولات زندگی متاثر رہے جبکہ دیگر شہروں میں سردی کی شدت کہیں کم کہیں زیادہ رہی۔بلتستان ڈویژن کے بیشترعلاقوں میں گزشتہ رات شروع ہونے والا برفباری کا سلسلہ آج بھی جاری رہا،شدید سردی اور برفباری نے لوگوں کو گھروں تک ہی محدود رکھا۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گلگت اسکردو روڈ باغیچہ کے قریب ٹریفک کے لیے بند ہوگیا ہے۔مالاکنڈ ڈویژن میں کافی دنوں سے برفباری تو نہیں ہوئی مگر سرد ہوائیں خوب چل رہی ہیں۔ایبٹ آباد،گلیات،مانسہرہ سمیت ہزارہ ڈویژن کے بعض علاقوں میں آج ہلکی بارش ہوئی۔بلوچستان کے میدانی علاقوں جعفرآباد ، نصیرآباد اور سبی میں بھی یخ بستہ ہواوٴں سے لوگ ٹھٹھر کررہ گئے۔سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات مالاکنڈ،ہزارہ،راولپنڈی،گوجرانوالہ،لاہور ڈویژن،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ جبکہ کل کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔کوئٹہ میں منفی 11،اسکردو میں منفی 5،مری میں منفی 3، اسلام آباد میں 3 اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔