20 جنوری ، 2013
پشاور … گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر کا کہناہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں اور خطے میں کسی کو کوئی خطرہ نہیں، پشاور میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے کرائے جائیں، آنے والے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ پشاور گورنر ہاوٴس میں منعقدہ اسپورٹس رائٹر ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب میں گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر کا کہنا تھا ہم نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیاہے اور پختون من حیث القوم پرامن لوگ ہے لیکن شدت پسند ہمارے خطے میں دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں، جس سے خطے کا امن تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ پختونوں کی بدنامی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے کرائے جائیں، حالات ساز گار ہیں اور کسی کو کوئی خطرہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں آنے والے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔