10 جنوری ، 2024
بھارت کے معروف کلاسیکل گلوکار اور موسیقار استاد راشد علی خان کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق استاد راشد علی خان کینسر کی طویل جنگ لڑنے کے بعد منگل کو زندگی کی بازی ہار گئے، ان کی عمر 55 سال تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ استاد راشد علی خان نومبر سے کولکتہ کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے اور کچھ دن قبل انہیں طبیعت ناسازی کے باعث وینٹی لینٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
راشد خان اپنی شاندار کلاسیکل گلوکاری اور موسیقاری کے لیے جانے جاتے تھے۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے کئی میوزکل ایوارڈ اپنے نام کیے جب کہ 2022 میں انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے ملک کے تیسرے بڑے ایوارڈ پدما بھوشن سے نوازا گیا۔
اس کے علاوہ وہ نوجوانوں کو موسیقی اور گلوکاری بھی سکھاتے تھے۔
استاد راشد علی خان کے انتقال پر بھارتی فلم انڈسٹری، سیاسی اور دیگر شخصیات کی جانب سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے گلوکار کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔