دنیا کو ڈیزیز ایکس سے لڑنے کیلئے تیار ہونے کی ضرورت ہے، عالمی ادارہ صحت

عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے یہ بات کہی / فائل فوٹو
عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے یہ بات کہی / فائل فوٹو

دنیا کو ڈیزیز ایکس سے لڑنے کے لیے تیاری ابھی سے شروع کر دینی چاہیے۔

یہ بات عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے کہی۔

سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے دوران ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے خبردار کیا کہ ڈیزیز ایکس ایسا عالمی مسئلہ ہے جس کے لیے ہمیں تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ڈبلیو ایچ او نے اگلی ممکنہ عالمی وبا کو ڈیزیز ایکس کا نام دیا ہے۔

یہ نام سب سے پہلے ڈبلیو ایچ او کی فہرست میں 2018 میں شامل کیا گیا تھا، یعنی کووڈ 19 کے ابھرنے سے بھی پہلے۔

ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے کہا کہ آپ کووڈ کو اولین ڈیزیز ایکس بھی کہہ سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر مستقبل میں ایسا پھر ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً کچھ لوگ کہیں گے کہ اس طرح کے انتباہ سے خوف پھیلے گا، مگر ہر چیز کے لیے تیار رہنا بہتر ہوتا ہے کیونکہ ہماری تاریخ میں ایسا متعدد بار ہوچکا ہے اور ابھی سے ہمیں اگلی وبا کے لیے تیاریاں شروع کر دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ کی وبا سے دنیا نے یہ سیکھا کہ اگلی وبا سے کیسے نمٹا جائے۔

ڈبلیو ایچ او نے 2021 میں مستقبل کے وبائی امراض کی روک تھام کے لیے ایک عالمی معاہدے کے منصوبے پر بات کی تھی۔

اس بارے میں ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے ڈیووس میں بتایا کہ وبائی امراض کی روک تھام کے لیے معاہدہ دنیا کو مستقبل میں پھیلنے والی وبا سے بچانے کے لیے اہم ترین ہوگا۔

اب تک اس معاہدے کی شرائط پر ممالک کا اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔

ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے بتایا کہ رکن ممالک کے درمیان بات چیت جاری ہے اور ہمیں توقع ہے کہ یہ معاہدہ بروقت ہو جائے گا کیونکہ اگر ہماری نسل ایسا نہیں کرتی، تو ہمیں نہیں لگتا کہ اگلی نسل ایسا کرے گی۔

مزید خبریں :