Time 31 جنوری ، 2024
پاکستان

کراچی کلفٹن میں برگد کا قدیم درخت کاٹ دیا گیا

کراچی کے علاقے اولڈ کلفٹن میں محفوظ ورثہ قرار دیا گیا 100 سال سے زائد پرانا برگد کا درخت کاٹ دیا گیا۔ 

19 ویں صدی میں جب ہینری بارٹر فریئر نے اولڈ کلفٹن کی بنیاد رکھی تو اس کی تزئین و آرائش کیلئے برگد کے درختوں کا انتخاب کیا۔ یہ مجموعی طور پر 68 درخت تھے جنہیں ان کی قدامت اور معدومیت کے خطرے سے بچانے کیلئے محفوظ ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا۔

اس کا مطلب یہ تھا کہ اب ان درختوں کو کاٹنا یا نقصان پہنچانا قانونی طور پر جرم ہے لیکن اس قانون پر کلہاڑا چلاتے ہوئے قیمتی درختوں میں سے ایک کو کاٹ ڈالا گیا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو خط لکھا ہے جس کے مطابق ان پیڑوں کی کٹائی پولیس کلب کی تعمیر کی وجہ سے کی گئی ہے۔

خط میں درخت کاٹنے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر کھیل، ثقافت اور ہیریٹیج ڈاکٹر جنید شاہ نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں گے۔

اُدھر شہری حلقوں نے قدیم درخت کاٹنے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی سے متاثر کراچی میں تعمیر کے نام پر درختوں کی کٹائی، وہ تخریب ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

مزید خبریں :