دوپہر کو کچھ دیر کا قیلولہ کرنے کا ایک اور فائدہ سامنے آگیا

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

اگر عمر بڑھنے کے ساتھ دماغ کو جوان رکھنا چاہتے ہیں تو دوپہر میں کچھ دیر کی نیند کو عادت بنالیں۔

جرنل سلیپ ہیلتھ میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دوپہر کو مختصر قیلولہ کی عادت عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی حجم میں آنے والی کمی کی رفتار سست کرتی ہے۔

واضح رہے کہ ہماری عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی حجم اور وزن میں کمی آنے لگتی ہے۔

40 سال کی عمر کے بعد ہر گزرتی دہائی کے ساتھ دماغی وزن اور حجم میں اوسطاً 5 فیصد کمی آتی ہے اور 70 سال کی عمر کے بعد اس عمل کی رفتار بڑھ جاتی ہے۔

مگر اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دوپہر کو سونے کی عادت سے دماغی حجم کو سکڑنے سے روکنے میں مدد ملتی ہے۔

لندن کالج یونیورسٹی اور یوروگوئے یونیورسٹی کی اس مشترکہ تحقیق میں دوپہر کو سونے کے عادی افراد کی دماغی صحت کا موازنہ اس عادت سے دور رہنے والوں سے کیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ قیلولہ کرنے والے افراد کا دماغ دیگر کے مقابلے میں 2.6 سے 6.5 سال تک جوان ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے واضح ہوا ہے کہ دوپہر کو مختصر نیند ہماری دماغی صحت کو درست رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قیلولے اور بڑے دماغی حجم کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا ہے۔

مگر ان کا کہنا تھا کہ کچھ افراد میں یہ اثر دیکھنے میں نہیں آیا تو اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

یہ پہلی تحقیق نہیں جس میں قیلولے کے فوائد کو ثابت کیا گیا ہے۔

اس سے قبل تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ دوپہر کو 20 سے 30 منٹ کی نیند سے ذہنی مستعدی اور یادداشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہی، مزاج خوشگوار ہو جاتا ہے جبکہ تناؤ اور سستی سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

جنوری 2024 میں یورپین ہارٹ جرنل میں شائع ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ 30 منٹ تک قیلولہ کرنے سے کمر کی چوڑائی میں لگ بھگ ایک انچ کمی لانا ممکن ہے۔

تحقیق کے مطابق بیٹھ کر وقت گزارنے کی بجائے دوپہر کو سونے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

درحقیقت ہر طرح کی جسمانی سرگرمی جیسے سونے کے لیے اٹھ کر کسی اور جگہ جانے سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

اس تحقیق 15 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کی جسمانی سرگرمیوں کو ٹریکرز سے جانچا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ بیٹھ کر گزارے جانے والے وقت میں سے 30 منٹ دوپہر کو سونے کے لیے مختص کرنے سے جسمانی وزن میں 0.43 فیصد کمی آتی ہے جبکہ کمر کی چوڑائی 0.7 انچ تک کم ہو جاتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند سے صحت کے لیے دیگر نقصان دہ عادات جیسے بے وقت کچھ کھانے سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے، جس سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن ہوتا ہے۔

مزید خبریں :