06 فروری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ بلے کا نشان کھونے کے بعد مسائل درپیش ہیں لیکن ان کی انتخابی نشان عوام تک پہنچانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان حلقہ این اے 241 سے الیکشن لڑ رہے ہیں، ان کے مقابلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر فاروق ستار اور پی پی پی کے ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کھڑے ہیں۔
خرم شیر زمان اس حلقے سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
جیو ڈیجیٹل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کو بلے کا نشان کھونے کے بعد مسائل درپیش ہیں لیکن ان کی انتخابی نشان عوام تک پہنچانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ تو دور کی بات ہے ہمارے پاس تو فیلڈ بھی نہیں ہے۔ انتخابی مہم میں مسائل درپیش ہیں۔سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں تک ہم اپنے انتخابی نشان پہنچا رہے ہیں، ہمارے ساتھ پاکستان کے نوجوان ہیں۔
این اے 241 میں پی ٹی آئی کے خرم شیرزمان اور ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
لیکن گفتگو کے دوارن سوال پوچھنے پر خرم شیرزمان نے پی ٹی آئی اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان کوئی مقابلہ نہ ہونے کا اظہار ہے اور زائد ووٹ سے جیت کی امید بھی ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں پی ٹی آئی اور فاروق ستار کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ ایم کیو ایم نے کبھی اس حلقے کے لیے کام نہیں کیا جبکہ ہم نے ہمیشہ اپنے حلقے کے مسائل کو حل کرنے کے لیے قدم اٹھائے ہیں۔
اس حوالے سے ڈاکٹر فاروق ستار سے بھی بات کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا لیکن وہ انٹرویو کے لیے وقت نہیں دے سکے۔
پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس ملنے پر انہوں نے بتایاکہ جن صاحب نے یہ نوٹس دیا ہے یہ ان کا ڈومین نہیں کہ وہ ایک کور کمیٹی کے ممبر کو دیں۔ ان کو شاید ٹکٹ نہ ملنے پر ناراضگی ہے۔
عام انتخابات 2024 ، 8 فروری کو منعقد ہونے جارہے ہیں اور ایسے میں اب یہ دیکھنا ہے کہ عوام اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے کسے اپنے حلقے کا نمائندہ منتخب کرتی ہے۔
Constituency | Pakistan Election 2024 | Election Results | NA