23 جنوری ، 2013
اسلام آباد … وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت نے مذاکرات کے ذریعے لانگ مارچ کا حل نکالا، اسمبلیوں کا مدت پوری کرنا جمہوریت کی دلیل ہے،انتخابات شفاف اور وقت پر ہوں گے۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جاری ہے، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے شرکت نہیں کی اور ان کی جگہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ پنجاب کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ و گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بھی شریک ہیں۔ اجلاس میں ایک لاکھ 5 ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ریگولر اور ان کی تنخواہوں کیلئے فنڈز کی فراہمی، گنا پیدا کرنے والے کسانوں کے حوالے سے معاملات اور آئندہ انتخابات پر غور کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاسی اور آئینی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں، اسمبلیوں کا مدت پوری کرنا جمہوریت کی دلیل ہے، پیپلزپارٹی نے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ مفاہمتی پالیسی اپنائی۔