دنیا
Time 14 فروری ، 2024

نئی دہلی کی طرف مارچ کرنے والےکسانوں پر پولیس کی شیلنگ، متعدد گرفتار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارتی ریاست ہریانہ کی پولیس نے مطالبات کے حق میں نئی دہلی کی طرف  مارچ کرنے والے کسانوں کو روکنے کے لیے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی  اور  متعدد کو گرفتار کرلیا۔

پنجاب سے آنے والے کسان اُس وقت نئی دہلی سے 200 کلومیٹر دور ہریانہ کی شامبو سرحد پر موجود تھے۔

پولیس نے رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے آگے بڑھنے پر کسانوں پر شیلنگ کی جس کے بعد کئی مظاہرین زخمی ہوگئے جب کہ متعدد کسانوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔

کسان رہنماؤں کی جانب سے پریس کانفرنس میں الزام لگایا گیا کہ پلاسٹک اور ربڑ کی گولیاں  ان کے خلاف استعمال کی گئیں۔

انہوں نے میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمیں دہشت گرد اور حکومت مخالف پارٹیوں کا حمایتی بنا کر دکھایا جا رہا ہے۔

کسان رہنما سروان سنگھ پاندھر نے کہا کہ ہمارا کسی کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں، ہمارے مطالبات وہی ہیں جو پہلے تھے۔

ادھر پنجاب  ہائی کورٹ نے ایک فیصلے میں کہا ہےکہ شہری ہونےکے ناطے کسانوں کو ملک بھر میں آزادانہ گھومنےکا حق حاصل ہے۔

بھارتی اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے مظاہرین کو دارالحکومت جانے سے روکنےکے لیے پولیس کی جانب سے شیلنگ کی مذمت کی گئی۔

یاد رہے کہ متنازع زرعی اصطلاحات کے خلاف 2020 میں  بھارتی کسانوں نے پورے سال پر محیط احتجاج کیا تھا۔

مزید خبریں :