24 جنوری ، 2013
لاہور … چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری نے کہا ہے کہ نیب افسر کامران فیصل نے خودکشی کی، میڈیا ٹرائل کے باعث حقائق سامنے نہیں آرہے۔ چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری نے رائے ونڈ میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کی اور ان کے بھائی عباس شریف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کامران فیصل کی ہلاکت کے بارے میں میڈیا کا کچھ حصہ منفی کردار ادا کر رہا ہے ، حقائق سامنے آنے کے باوجود لوگ میڈیا کی باتوں کو سچ سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رائے عامہ کو ہموار کرنے کیلئے میڈیا کو مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔