25 جنوری ، 2013
نیویارک…امریکا میں ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث ڈیوڈ ہیڈلے کو 35سال قید کی سزا سنادی گئی ۔بھارتی وزیرخارجہ سلمان خورشید نے سزا کو ناکافی قرار دیا ہے۔دلی میں صحافیوں سے گفتگو میں سلمان خورشید کا کہنا تھا کہ بھارت اب بھی امریکا سے ڈیوڈ ہیڈلے کی حوالگی چاہتا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ اگر ہیڈلے کیخلاف عدالتی کارروائی بھارت میں ہوتی تواسے اس سے کہیں زیادہ سخت سزا دی جاتی۔لیکن امریکا میں جج وہاں کے عدالتی نظام کے اعتبار سے پابند تھا۔بھارتی وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت ڈیوڈ ہیڈلے کی حوالگی کے مطالبے پر زور دیتا رہے گا۔ گذشتہ روز شکاگو کی عدالت نے ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث 52سالہ ڈیوڈ ہیڈلے کو 35سال قید کی سزا سنائی تھی۔امریکی پراسیکیوٹرز نے اہم معلومات فراہم کرنے کے عوض اسے بھارت کے حوالے نہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔