Time 06 مارچ ، 2024
دلچسپ و عجیب

جرمن شہری نے 200 سے زائد بار کورونا ویکسین لگوا کر ڈاکٹروں کو حیران کر دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

جرمنی میں ایک بوڑھےشخص نے کورونا سے بچاؤ ویکسین 2 یا 4 بار نہیں بلکہ حیران کن طور پر 200 سے زائد بار لگواکر سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق دی لانسیٹ انفیکٹو ڈیزیز جریدے میں دستاویزی کیس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے ایک 62 سالہ شخص نے 29 ماہ کے اندر طبی مشورے کے خلاف جاکر  نجی طور پر 200 سے زائد ویکسین لگوائیں۔

رپورٹ میں کورونا ویکسین لگوانے والے اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے جبکہ اتنی بار ویکسین لگوانے کا مقصد بھی سامنے نہیں آیا۔

یونیورسٹی آف ایرلانجن نیورمبرگ کے محققین نے انکشاف کیا کہ کورونا ویکسین کی اتنی زیادہ مقدار لگوانے کے باوجود اس شخص کی صحت پر کوئی منفی اثر نہیں ہوا۔

یونیورسٹی کے مائیکرو بایولوجی ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر کلیان شوبر نے کہا کہ ہمیں اس  کیس کے بارے میں اخبار کے مضامین کے ذریعے معلوم ہوا جس کے بعد پھر ہم نے اس شخص سے رابطہ کیا اور اسے مختلف ٹیسٹ کروانے کے لیے ادھر دعوت دی۔ 

انہوں نے بتایا کہ اس شخص نے تازہ خون اور تھوک کے نمونے محققین کو ٹیسٹ کے لیے فراہم کیے تھے اور جاننے کی کوشش کی کہ ویکسینیشن کے ذریعے مدافعتی نظام  کیا اثر دکھاتا ہے۔حیران کن طور پر اس کی صحت پر کوئی منفی اثرات نہیں پڑے۔

دوسری جانب پبلک پراسیکیوٹر نے اسی جرمن شخص کے کورونا کی 130 خوراکوں کے ثبوت اکٹھے کیے، جن میں مبینہ طور پر دھوکہ دہی شامل تھی لیکن اس پر کوئی مجرمانہ الزامات نہیں لگائے گئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جرمنی میں ہی کورونا ویکسین کی 90 خوراکیں لگوانے والا شہری پکڑا گیا تھا۔

اس شخص کا 90 کورونا ویکسین لگوانے کا مقصد ایسے لوگوں کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بیچ کر پیسہ کما نا تھا جو ویکسین نہیں لگوانا چاہتے۔

مزید خبریں :